خیبرپختونخوا میں میٹرک امتحانات کا آغاز


پشاور: پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا میں آج سے میٹرک کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں۔ امتحانات کے لئے ایک لاکھ 54 ہزار طلباء نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

خیبرپختونخوا بورڈ حکام کے مطابق میٹرک کے امتحانات کے لیے 631 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جہاں ایک لاکھ 54 ہزار طلباء امتحانات میں شرکت کررہے ہیں۔

نویں جماعت کے امتحان میں 79 ہزار 237 جب کہ دسویں جماعت کے امتحان میں 74 ہزار 203 طلباء نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ قیدی طلباء کے لیے جیلوں کے اندر امتحان کا انتظام کیا گیا ہے۔

بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی مراسلے جاری کردئیے گئے ہیں کہ پرچوں کے اوقات میں امتحانی مراکز کے اطراف 200 میٹر تک لوگوں کے جمع ہونے اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔

امتحانی مراکز کے اطراف 300 میٹر تک فوٹو اسٹیٹ میشن کے استعمال پر بھی 20 مارچ سے 20 اپریل تک پابندی رہے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں