حکومت نے قومی اداروں کا وقار مجروح کر دیا، سراج الحق

جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف ہفتہ احتجاج منانے کا اعلان

فوٹو: فائل


لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے مفاد میں قومی اداروں کا وقار ہی مجروح کر دیا۔ 

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں آئین اور اداروں کے ساتھ ایسے مذاق اور کھلواڑ کی مثال نہیں ملتی جو موجودہ حکومت کر رہی ہے۔ حکومت کی نالائقی روز اول سے ہی واضح تھی اور آج دن بھر کے واقعات نے ثابت کر دیا کہ یہ نالائق نہیں بلکہ مہا نالائق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی باگ ڈور ایسے غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھوں میں ہونا افسوسناک ہے، صرف وزیر قانون ہی نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان کی پوری ٹیم ہی نالائقوں کا ٹولہ ہے۔ حکومت نے اپنے مفاد میں قومی اداروں کا وقار ہی مجروح کر دیا۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے حوالے سے حکومتی اقدام پر امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پرویز مشرف کو بچانے کی کوشش میں حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، اب حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹنے والی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع صدر کا آئینی اختیار ہے، شبلی فراز

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام پالیسیاں فیل ہو چکی ہیں، سیاسی سموگ اور فوگ کی یہی صورتحال رہی تو خدشہ ہے کوئی بڑا حادثہ نہ ہو جائے۔ موجودہ حکومت کے ایک سالہ دور میں ہی بے روزگاری کی شرح میں 9.1 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔


متعلقہ خبریں