آرمی چیف کی مدت ملازمت پر بیوروکریسی سے غلطیاں ہوئیں، ندیم افضل چن


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت پر بیوروکریسی سے غلطیاں ہوئی ہیں اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاسی طور پر بہت کچھ اچانک ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ میں بھی کہا کہ یہ کیا ہو رہا ہے؟ ایک بار آرمی چیف کی مدت ملازمت کا فیصلہ ہوجائے پھر بتائیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ جو کچھ ہوا ہے اس پر وقت آنے پر بات کریں گے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت پر بیوروکریسی سے غلطیاں ہوئی ہیں اس کو دیکھا جائے گا۔ اٹارنی جنرل اور صدر پاکستان کے مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے بیان پر ترجمان وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس کی وضاحت خود اٹارنی جنرل اور صدر پاکستان دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں پیدا ہونے والے بحران کے ذمہ دار وزیر اعظم ہیں انہیں اپنی نااہلی کی وجہ سے مستعفیٰ ہوجانا چاہیئے۔

جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما کامران مرتضیٰ نے کہا پارلیمان کو چاہیے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے برطرف کر دے۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے قومی اداروں کا وقار مجروح کر دیا، سراج الحق

پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنما رانا تنویر نے کہا کہ ملک میں پیدا ہونے والے بحران کے بعد پارلیمان میں تحریک عدم اعتماد آنی چاہیے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے معاملے پر حکومت کی طرف سے پرویز خٹک اور عامر ڈوگر رابطے میں ہیں جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد  قیصر سارا معاملہ دیکھ رہے ہیں کل معاملہ حل ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں