علیم خان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق کیس، سی ڈی اے سے جواب طلب

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کی نجی سوسائٹی کے خلاف مبینہ قبضہ کیس میں آئندہ جمعہ تک سی ڈی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے متنازع اراضی کے استعمال کو تاحکم ثانی روک دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی، چئیرمین سی ڈی اے عامر علی احمد ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈے اے نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ زمین ایکوائر کرنے اور این او سی کا معاملہ دیکھنا ہے لہذا کچھ وقت دیں جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ ایکوائر اراضی پرائیویٹ آدمی کو کیوں دی اور کس نے دی؟ وزیراعظم نے تو کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے؟

علیم خان کے وکیل بابراعوان نے کہا کہ اگر یہ کام اس وزیراعظم کے دور میں ہوا ہے تو میں ابھی وکالت نامہ واپس لیتا ہوں جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ جس کے دور میں بھی ہوا ہے لیکن ٹھیک نہیں ہوا،حکومت کا کام ہے کہ وہ زمینوں کے قبضے رکوائے۔

بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے سن لیں میں متاثرہ فریق ہوں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس ملک کے لوگ اس معاملے میں سب سے زیادہ متاثرہ ہیں، چئیرمین سی ڈی اے کے لیے یہ ٹیسٹ کیس ہے،فئیر ٹرائل ہر کسی کے لیے ضروری ہے، کیس وزیراعظم کو بھیج کر ان کے سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرلیتے ہیں۔

جس پر علیم خان کے وکیل نے کہا کہ آپ کیس وزیراعظم کو نہ بھیجیں بلکہ خود فیصلہ کریں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سائلین کہتے ہیں کہ گرینڈ حیات ریگولرائز ہوسکتا ہے تو ہماری درخواستیں بھی سنیں۔

بعد زاں عدالت نےعلیم خان کے وکیل بابر اعوان کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعہ تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں