سکھر: اپوزیشن آج ’جلسہ آزادی مارچ‘ کا انعقاد کرے گی


صوبہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں آج حزب اختلاف کا جلسہ آزادی مارچ ہوگا جس سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان و دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

جے یو آئی (ف) کے بیان کے مطابق جلسہ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقد کیا جارہا ہے۔

جلسے کے لیے شکارپور روڈ پر پنڈال سجادیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں کرسیاں لگا دی گئیں۔

جلسے میں جے یو آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے جبکہ سیکورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

جلسے سے قبل جے یو آئی کی جانب سے ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی جس سے جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔

سکھر، جلسے میں شرکت کے لیے کارکنوں کے قافلوں کی آمد تھوڑی دیر میں شروع ہوجائے گی۔

21 نومبر کو پارٹی رہنما اکرم درانی نے جمعے سے ملک بھر میں جلسے اور جلوسوں کا اعلان کیا تھا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جلد ہی خوشخبری ملے گی۔

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پورے ملک کے تمام ادارے حکومت سے مایوس ہیں جبکہ کسان، تاجر، ڈاکٹر سب احتجاج کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں