فواد نے کبھی ٹیم میں منتخب کرنے کیلئے نہیں کہا، سرفراز


کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی میں ٹیم میں انتخاب کے لئے کئی مرتبہ فواد کا نام زیر بحث آیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فواد نے مجھ سے کبھی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے بات نہیں کی انہوں نے ہمیشہ اپنی بہترین بلے بازی سے ناقدین کو جواب دیا۔

سابق کپتان نے فواد عالم کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں 12 ہزار رنز مکمل کرنے اور میچ میں ڈبل سینچری اسکور کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ فواد نوجوان کرکٹرز کے لئے مثال ہیں، ان کی سب سے اچھی خوبی یہ ہے کہ وہ ہر سیزن میں اپنی اچھی کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں فواد عالم نے عمدہ اننگز کھیلی ہیں اور فواد عالم پاکستان ٹیم میں آنے کے قریب تر رہے ہیں۔ اگر وہ ایسے ہی پرفارمنس دکھاتے رہے تو قومی ٹیم میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ڈومیسٹک کھیلنے کا مقصد فارم میں واپس آنا ہے، کوشش یہی کر رہا تھا کہ بڑی اننگز کھیلوں اور اسی منصوبے پر عمل بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ سب کی کوشش ہوتی ہے کہ قومی ٹیم میں کم بیک ہو جائے، میں ڈومیسٹک سیزن میں مزید میچز کھیلتے ہوئے پر فارم کرنا چاہتا ہوں اور اس وقت میری تمام تر توجہ کارکردگی بہتر بنانے میں مرکوز ہے تاہم میں کوئی مستقبل کے خواب نہیں سجا رہا ہوں۔

سابق کپتان نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ ایک اچھا کھلاڑی ہے اور وہ کم بیک کرسکتا ہے، یاسر شاہ ہمارا نمبر ون باؤلر ہے اور ایڈیلیڈ کی کنڈیشنز یاسر شاہ کو سپورٹ کرے گی تاہم باؤلنگ ہماری زیادہ تجربہ کار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سندھ ٹیم کی پرفارمنس ملی جلی ثابت ہو رہی ہے اور میں مانتا ہوں کہ سیزن میں ہماری ٹیم ایک میچ بھی جیت نہ سکی ہے۔


متعلقہ خبریں