متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت کا اعلان

مجلس عمل کی مرکزی قیادت کا اعلان | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: پاکستانی سیاست میں فعال دینی جماعتوں نے اپنے اتنخابی اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے مرکزی عہدیداران کا اعلان کر دیا ہے۔

منگل کو کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ایم ایم اے کی مرکزی قیادت کا اعلان کیا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ایم ایم اے کا صدر منتخب کیا گیا ہے جب کہ لیاقت بلوچ جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے ہیں۔

ایم ایم اے کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا مرکزی ورکرز کنونشن اپریل کے پہلے ہفتے میں منعقد کیا جائے گا۔

اس موقع پر پریس کانفرنس میں ایم ایم اے کے نومنتخب صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پوری قوم کوایم ایم اے کی بحالی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج نئے سفرکےآغاز کاعہد کیا ہے، کوشش کریں گے کہ قوم کی امیدوں پرپورا اتریں۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے میں ہر سطح پر تنظیم سازی ہوگی، ہم ملک میں نئی سیاست کا آغاز کرنے جارہے ہیں، امن اور خوشحالی کی ضرورت ہے۔

ایم ایم اے کے سربراہ نے واضح کیا کہ آئندہ انتخاب ایم ایم اے کے پرچم تلےلڑیں گے۔

جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس نئے سفر کے آغاز میں مجلس عمل عام شہریوں کی ترجمان بنے گی۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ نہیں چاہتی کہ پاکستان میں مذہبی قوتوں کو جگہ ملے۔ موجودہ اسٹیٹس کو نے عام آدمی کو مایوس کیا ہے لیکن ہم ایک نئے عزم سے بنیاد سحر رکھ رہے ہیں۔

جے یو آئی سے تعلق رکھنے والے مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور جے یو پی کے صاحبزادہ انس نورانی کو سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔

سینیٹر سراج الحق، پیر اعجاز ہاشمی، علامہ ساجد نقوی، علامہ ساجد میر کو مرکزی نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں