دوسرا ٹیسٹ: اظہر علی کی محمد عباس کو ٹیم میں شامل کرنے کی تصدیق

کپتانی کے جانے کا ڈر نہیں ہے، اظہر علی

ایڈیلیڈ: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عباس کی شمولیت کی تصدیق کردی ہے۔

میچ سے ایک روز قبل ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ٹیم میں عباس کے علاوہ بھی تبدیلیوں کا اشارہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ محمد عباس ورلڈ کلاس باؤلر ہیں اور ٹیسٹ میچوں میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔

پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ محمد عباس ردہم میں آگئے ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی گیارہ کا اعلان کل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں گزشتہ دو دوروں میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی خاص کر باؤلنگ کے شعبے میں۔

اظہر علی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نامناسب پچز اور گیندوں کے باعث تیز باؤلرز نہیں آرہے تھے، میڈیم پیسرز وکٹ لے رہے تھے اور 30-40 اوورز میں ٹیمیں آؤٹ ہورہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اب موجودہ سسٹم میں باؤلروں کو زور لگانا پڑ رہا ہے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے تیسرے اور چوتھے روز اچھی مزاحمت کی اور یہ ہمارا مثبت پہلو ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین آؤٹ ہونے کے باوجود ہم نے 300 سے زیادہ اسکور کیا، ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم اچھا مقابلہ کریں گے، ڈریسنگ روم کا ماحول بہت مثبت ہے۔

پاکستانی کپتان نے امید کا اظہار کیا کہ جس طرح ہم نے آخری دو دن کھیلا اسی طرح ٹیسٹ میچ میں آغاز کریں۔

انہوں نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں