جعلی پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر سکتی، مولانا فضل الرحمان

جعلی پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر سکتی، مولانا فضل الرحمان

فوٹو: فائل


سکھر: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فوری انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر سکتی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ کے دوران جے یو آئی کارکنان نے جس نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اس سے پوری دنیا دنگ رہ گئی۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز اور نااہل حکمرانوں نے ریاست کو ڈبو کر رکھ دیا ہے جس طرح معیشیت کی تباہی نے سوویت یونین کو ڈبو دیا تھا لیکن حکمران یاد رکھیں کہ ابھی پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑنے والے اور وطن کی خاطر مرمٹنے والے زندہ ہیں۔

جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ ملک کو نااہلوں کی سازشوں کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ احتساب کے نام پر ملک کی معیشت کا پہیہ جام کر کے رکھ دیا ہے۔ جو دوسروں کو بدعنوان کہہ رہے ہیں انہیں اپنی چوری نظر ہی نہیں آ رہی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس اب تک التوا کا شکار ہے اور دوسروں کو چور کہنے والے خود اربوں روپے باہر سے فنڈنگ لے چکے ہیں۔ ریاست مدینہ کی بات کرنے خود اپنی چوری کا جواب نہیں دے رہے۔ ایسے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہی بہتر ہے جو کشمیر کو بیچ کر اب مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں آرمی رولز ریگولیشنز میں تبدیلی پر غور ہو سکتا ہے، شاہ محمود قریشی

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سرینگر کو تو لینے کا تصور ختم ہو چکا ہے اب مظفر آباد بچانے کی فکر لگ گئی ہے جبکہ آج ہندوستان گلگت بلتستان کو حاصل کرنے کی باتیں کر رہا ہے اور ہماری خارجہ پالیسی تباہ ہو چکی ہے۔

ناروے واقع سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناروے میں پولیس کی موجودگی میں قرآن پاک کو جلایا گیا، امت مسلمہ کے ساتھ نفرت کا مظاہرہ کون کر رہا ہے ؟ میں ناروے کے اس مسلمان نوجوان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے قرآن پاک کی حفاظت کے لیے دفاع کیا۔


متعلقہ خبریں