حکومت غلط زبان استعمال کرے گی تو قانون سازی کیلئے کیسے بات ہو گی؟ کائرہ


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وزرا اگر غلط زبان استعمال کریں گے تو قانون سازی کے لیے ان سے کیسے بات ہو سکتی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں میزبان ثمر عباس سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمیں غدار کہہ رہے ہیں۔ وزیر اعظم بتائیں کیا درخواست اپوزیشن نے دائر کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے وزیر اعظم کا ٹارگٹ عدلیہ ہے۔ پارلیمنٹ میں ہمارے بغیر حکومت قانون سازی نہیں کر سکتی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید عباسی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے پارلیمان کے اراکین پر توہین عدالت لگانے کی بات کیسے کی۔ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔

پروگرام میں شامل وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع پر قانون سازی کے لیے حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سیاست میں بیان بازی کا موسم کبھی گرم اور کبھی سرد ہوتا رہتا ہے۔

سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہا کہ سپریم کورٹ پاکستان نے آرمی چیف کو صرف 6 ماہ کے لیے توسیع دی ہے 3 سال کے لیے نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں جعلی پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر سکتی، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ میں 6 ماہ تک کوئی قانون سازی نہ ہوئی تو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جانا پڑے گا اور پھر کوئی نیا جرنیل آئے گا لیکن اگر معاملہ سپریم کورٹ میں گیا تو حکومت نے یقین دہانی کرائی ہوئی ہے کہ سپریم کورٹ پھر حکومت سے پوچھ گوچھ کرے گی۔


متعلقہ خبریں