خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 10 روز کی توسیع


 لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کر دی ہے۔

احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج امیر محمد خان نے خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کی۔

عدالت نے خواجہ برادران کو دوبارہ 9 دسمبر کو پیش کرنےاور آئندہ سماعت پر گواہ قیصر امین بٹ اور جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کا پسِ منظر

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے میں خورد برد کی تحقیقات کا آغاز نومبر 2018 میں کیا گیا تھا ۔

نیب نے مؤقف اپنایا تھا کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

اس دوران رواں سال 24 فروری کو پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکا لینے کے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا۔

نیب کے مطابق بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔

بعد ازاں 11 دسمبر 2018 کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائی کورٹ سے نیب نے حراست میں لے لیا تھا۔

نیب نےگرفتاری کے دوسرے ہی روز خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو ابتدائی طور پر 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا، بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی ۔


متعلقہ خبریں