گرفتاری کا خدشہ، قائم علی شاہ نے عدالت سے رجوع کرلیا

Qaim ali shah

اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ہم نیوز کے مطابق سید قائم علی شاہ کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیب نے تین دسمبر کو طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا ضمانت دی جائے۔

ان کے مطابق سولر پینل کے ٹھیکوں کے کیس میں نیب نے تین دسمبر کو طلب کیا ہے لہٰذا عدالت ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرے۔

سید قائم علی شاہ نے بیرسٹر قاسم نواز عباسی کے ذریعے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی۔

رواں سال مارچ میں بھی قائم علی شاہ اسی سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرچکے ہیں اور اس وقت ان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے قائم علی شاہ کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض قبول کی تھی۔


متعلقہ خبریں