خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار تک پہنچ گئی

خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار تک پہنچ گئی

پشاور: خیبرپختونخوا میں ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار تک پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، 800 واقعات کے ساتھ پشاور سب سے زیادہ متاثرہ ضلع قرار دیا گیا ہے۔

ایڈز کنٹرول پروگرام خیبرپختونخوا کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سلیم کے مطابق صوبے میں سالانہ 500 سے 600 تک نئے متاثرہ افراد کا اضافہ ہو رہا ہے، ایڈز سے متاثرہ افراد میں 27 خواجہ سرا بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2005 سے اب تک صوبے میں ایڈز کا شکار ہونے والے 5 ہزار 423 افراد رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر سلیم کا کہنا ہے کہ پشاور میں استعمال شدہ سرنج کے استعال سے منشیات کے عادی افراد میں ایڈز تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس بیماری سے بچاؤ کےلیے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے علاقہ رتوڈیرو میں 21 ہزار 375 لوگوں کی اسکریننگ کی گئی جس میں 681 افراد میں ایڈز کی بیماری پائی گئی، ان متاثرہ افراد میں 537 بچے بھی شامل تھے۔

اس سے قبل پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے ترجمان سجاد حفیظ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ صوبے میں ایچ آئی وی ایڈز کے 8 ہزار 308 کیسز ہیں۔


متعلقہ خبریں