تیزگام حادثہ کیس، وزارت داخلہ اور ریلوے سے تفصیلی جواب طلب

تیزگام حادثہ کیس، وزارت داخلہ اور ریلوے سے تفصیلی جواب طلب

اسلام آباد:عدالت نے تیزگام حادثے کے حوالے سے وزارت داخلہ اور وزارت ریلوے سے تفصیلی جواب اور انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تیزگام ریلوے حادثہ کی آزادانہ انکوائری پر وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف جیورسٹ فاونڈیشن کی درخواست پرجسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔

اس موقع پر عدالت نے وزارت ریلوے کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے حادثہ کے شکار لوگوں کو معاوضہ دیا؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ رپورٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کی ہے اس سلسلے میں ابھی انکوائری چل رہی ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسارکیا کہ کیا شیخ رشید بطور وزیر معاوضے کا اعلان کر سکتے ہیں، کون سا قانون ہے جس کے تحت وزیر نے یہ معاوضہ دینے کا اعلان کیا، کیا وزیر ریلوے اپنی جیب سے یہ معاوضہ دیں گے؟

جس پر وزارت ریلوے کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ وفاقی حکومت نے تیز گام حادثے کے شکار لوگوں کو معاوضہ دینا ہے۔

بعد ازاں وکیل درخواست گزار حنیف راہی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کے ماتحت آزادانہ انکوائری نہیں ہو سکتی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ بتائیں متاثرین کے لئے وفاقی حکومت نے ابھی تک کیا کیا؟معاوضہ کتنا دیا اور کب دیا،زخمیوں کی کیا صورت حال ہے؟ مستقبل میں ایسے واقعات روکنے کے لیے کیا کیا؟پوسٹ مارٹم رپورٹ کیا ہے اور کیا واقعے کی ایف آئی آر درج ہوئی،جواب جمع کرائیں۔

وزارت داخلہ نے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں