کراچی: قتل نہیں کیا،نعشیں ٹھکانے لگائی ہیں، یوسف ٹھیلے والا پرانے بیان سے مکر گیا

کراچی: قتل نہیں کیا،نعشیں ٹھکانے لگائی ہیں، یوسف ٹھیلے والا پرانے بیان سے مکر گیا

کراچی: ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد یوسف عرف ٹھیلے والا اپنے ویڈیو بیان سے مکر گیا۔ اسے آج جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے مؤقف اختیار کیا کہ میں نے آج تک کوئی قتل نہیں کیا ہے۔ اس نے کہا کہ میں صرف نعشوں کو ٹھکانے لگاتا تھا۔

96 افراد کے ٹارگٹ کلر کا فاروق ستار سے رابطے کا انکشاف

ہم نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں ملزم یوسف عرف ٹھیلے والا نے اپنے اس وڈیو بیان سے صاف انکار کیا جو چند دن قبل نیوز چینلز پہ نشر ہوا تھا۔

عدالت میں ملزم نے الزام عائد کیا کہ ندیم ماربل اور ریاض عرف چاچا لوگوں کو اغوا کرکے قتل کرتے تھے اور میں قتل کے بعد نعش ٹھیلے پر رکھ کر ٹھکانے لگاتا تھا۔

یوسف ٹھیلے والا نے اعتراف کیا کہ میں نے 1995 سے لے کر 1997 تک کے درمیانی عرصے میں 15 سے 20 نعشوں کو ٹھکانے لگایا۔ عدالت کو یوسف عرف ٹھیلے والا نے بتایا کہ وہ 1997 میں رینجرزکے ہاتھوں گرفتار ہوا جس کے بعد سات سال کی سزا کاٹی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت کو پولیس کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم یوسف عرف ٹھیلے والا کے خلاف ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ کی اجازت کے بعد مقدمہ ری اوپن کیا گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی  کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لیے ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

کسی یوسف ٹھیلے والے کو نہیں جانتا، وزیر اعلیٰ سندھ

ہم نیوز کے مطابق ملزم کے خلاف 1995 میں درج 24 سال پرانا مقدمہ ری اوپن کیا گیا ہے۔ عدالت میں پیشی کے لیے ملزم کو انتہائی سخت سیکورٹی میں لایا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں