مولانا فضل الرحمان کا حکومت کے خاتمے کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

فوٹو: فائل


کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خاتمے کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں، حکومت کی گرتی دیوار کو ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ معیشت سمندر میں غرق ہورہی ہے اور یہ عیاشیاں کررہے ہیں، عوام سبزیاں نہیں خرید سکتی اور یہ ٹماٹر 17 اور مٹر کی قیمت 5 روہے کلو بتاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو چوری کرکے اقتدار پر قبضے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والے 400 ادارے بند کرنے جارہے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کی قیادت کو عدالتوں میں گھسیٹا گیا اور بے توقیر کیا گیا، ان کے پاس قانون ہے نہ قانونی چارہ جوئی کی اہلیت ہے، یہ جعلی پارلیمنٹ حساس قانون سازی نہیں کرسکتی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نئے انتخابات کرائیں جائیں اس کے لیے تحریک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت اپنے احتساب سے فرار حاصل کررہی ہے تاہم حکمرانوں کو ان کے ہی آئینے میں چہرہ دکھانے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اپنا وجود کھونے سے پہلے عوام کو مطمئن کرے اور غیر ملکی فنڈنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہم نے یہ ملک جمہوریت اور عوام کے لیے حاصل کیا تھا۔


متعلقہ خبریں