آرمی چیف کو ملنے والے 6 ماہ کا مطلب تین سال ہی سمجھا جائے، شیخ رشید



لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ملنے والے چھ ماہ کا مطلب تین سال ہی سمجھا جائے، ان کو نئے3 سال مل گئے اور ہمارے بھی3سال ہیں۔

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سادہ اکثریت سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ہو جائے گی کیوں کہ تمام جماعتیں اس کے لیے متفق ہیں اور سادہ اکثریت سے نہ ہوئی تو پارلیمنٹ سے توسیع ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی صورتحال نارمل ہے اور ان کے پاس کچھ کہنے کو نہیں، ایک مافیا ہے جو عمران خان کی حکومت کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے اور ملک میں ہیجان برپا کرنے کی ناکام کوشش کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  آرمی چیف جمہوریت کی کامیابی کیلئے حکومت کے ساتھ ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ سے چیخوں کی آواز سن رہاہوں لیکن یاد رکھیں عمران خان کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مارچ2020  تک سابق صدرآصف زرداری کے پلی بارگین کے معاملات طے پا جائیں گے۔

پنجاب کابینہ کی تبدیلیوں پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار نہیں کیا، پنجاب میں مہنگائی اور امن و امان کا مسئلہ ہے۔

وزیرریلوے نے کہا کہ عثمان بزدار اب سیکھ گئے ہیں، ٹھیک ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو کھلی چھوٹ دے دی ہے وہ جمعہ جمعہ کھیل کر جلسے کرتے رہیں اور جلد ہی کہیں گے کہ اسلام آباد  بہت ہی خالی ہاتھ گیا ہوں۔


متعلقہ خبریں