’روپے کی قدر میں استحکام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا‘


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہذب معاشرے میں امیر و غریب میں فرق نہیں ہوتا، فلاحی معاشرے میں سب کوشش کرتے ہیں کہ جو پیچھے رہ گئے انہیں اٹھا کر اوپر لائیں۔

لاہور میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چین کی سب سے بڑی بات یہ ہے کہ انہوں نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے، وہاں پر بہت غربت تھی لیکن چین کی حکومت نے کسانوں کی مدد کی اور انہیں اوپر لے کر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی سے ملک میں غربت ختم ہو گی، ایک ایسا نظام لا رہے ہیں جس سے تمام ادارے آپس میں منسلک ہو جائیں تاکہ سب مل کر احساس پروگرام کے تحت غریبوں کی مدد اور نوجوانوں کو قرضے فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ غریب کسانوں کو قرضوں کی سب سے زیادہ ضروت ہوتی ہے ان کی مدد کے لئے بھی ایک نظام لا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ روپے کی قدر میں استحکام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدامات پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں بہت جلد پنجاب تمام دیگر صوبوں سے زیادہ ریکوری کرنے والا صوبہ بن جائے گا۔


متعلقہ خبریں