عمران خان عوام کو بتائیں لوٹے ہوئے کتنے ارب روپے واپس آئے؟ مریم اورنگزیب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عوام کو بتائیں ایک سال میں چوروں اور ڈاکووں کے لوٹے ہوئے کتنے ارب واپس آئے ہیں؟ 

‎پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ‎عمران خان ’’لے نہیں دھیلہ تے کردی میلہ میلہ “ کی بہترین مثال ہیں اور ان کے جھوٹے دعوے صرف الہ دین کا چراغ ہی پورے کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران خان 30 سال سے جن پر الزام لگا رہے ہیں اُن کے چوری کیے ہوئے 30 پیسے ہی دکھا دیں، عمران خان کی قیادت میں 40 چوروں کا مافیا ملک پر مسلط ہے۔ ‎عمران خان جنہیں چور، ڈاکو اور مافیا کہہ رہے ہیں، عوام انہیں جھولیاں اُٹھا اُٹھا کر دعائیں دے رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ‎وزیر اعظم عوام کو بتائیں ایک سال میں چوروں اور ڈاکووں کے لوٹے ہوئے کتنے ارب واپس آئے ہیں؟ شہباز شریف کی اورنج ٹرین تو 10 دسمبر کو شروع ہو رہی ہے، عمران خان کی پشاور میٹرو کے ایک ارب کے کھڈے کب بھریں گے؟

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران خان پشاور میٹرو، ایک ارب درخت، ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر اب الہ دین کا چراغ ہی دے گا، جب تک ‎عمران خان آپ کی ذہنی سموگ ختم نہیں ہو گی زمینی سموگ ختم ہونا نا ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں مافیا نے پہلے دن سے ہی حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش کی، عمران

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان آپ کی ذہنی سموگ کی وجہ سے ملک کی معیشت، روزگار اور کاروبار پر بھی سموگ چھائی ہوئی ہے۔ آپ سب سے پہلے اپنی ذہنی سموگ کا علاج کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں درخت لگانے سے پہلے بتائیں خیبرپختونخواہ کے ایک ارب سلیمانی ٹوپی پہنے درخت کہاں غائب ہیں اور ایک سال میں سموگ کے خاتمے کے لیے کون سی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے؟


متعلقہ خبریں