جماعت اسلامی آئندہ کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، سراج الحق

فوٹو: فائل


مردان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران کارکردگی کے سوال پر بدزبانی پر اتر آتے ہیں جبکہ وزراء عوام کی غربت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب لوگ مہینہ بھر مزدوری کرکے صرف بجلی کا بل ہی بھرتے ہیں۔ دال ماش، دال بد معاش بن گئی ہے جسے عام آدمی ہاتھ بھی نہیں لگاسکتا۔ ملک میں کرپشن اور مہنگائی کے سب ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حکومت نے 15 ماہ میں 115 یوٹرن لیے جبکہ قرضوں کا بھی ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔ نااہل حکومت کے دور میں پارلیمنٹ بے توقیر ہو گئی۔ نا اہل حکومت نے 20 لاکھ افراد بے روزگار کردیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ کسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی اور جب تک ہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ تھے تو کارکردگی اچھی تھی۔ قبل از وقت انتخابات اور ان ہاؤس تبدیلی جمہوریت کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں سوا سال میں مافیا کو سب سے زیادہ مضبوط کیا گیا، تجزیہ کار

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کشمیر کو بھول چکی ہے جبکہ تبدیلی کا نعرہ سراب اور دھوکہ تھا۔


متعلقہ خبریں