نومبر میں قابض بھارتی فوج نے 7 کشمیریوں کی جان لی

فوٹو: فائل


سری نگر: قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ نومبر میں مقبوضہ وادی میں 7 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس(کے ایم ایس) کے مطابق انتہا پسند بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ  پُرامن مظاہرین پر پیلٹس، آنسو گیس اور فائرنگ کرکے 82 افراد کو شدید زخمی کیا جبکہ 60 سے زائد کشمیری نوجوانوں اور حریت رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا۔

کے ایم ایس کے مطابق نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کی بھی پامالی کی گئی جبکہ دو ماہ سے کشمیریوں کو مسجدوں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کرنے نہیں دی گئی۔

واضح رہےمقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 119 روز بیت گئے ہیں جبکہ وادی چنار کے کونے کونے پرانتہا پسند بھارتی فوج تعینات ہے۔

مقبوضہ وادی میں اسکول، دکانیں اور کاروبار بند پڑے ہیں۔ چپہ چپہ پر بھارتی فوج تعینات ہیں۔ مواصلاتی بندش نے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا ڈالا۔

بدترین کرفیو کے باعث موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس تا حال بند ہے۔ کشمیریوں کا رابطہ دنیا سے ابھی تک بحال نہیں کیا گیا۔ مواصلاتی بندشوں نے لوگوں کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں