چیف جسٹس کے ازخود نوٹس والی تصویر کا مقام دریافت

چیف جسٹس کے ازخود نوٹس والی تصویر کا مقام دریافت | urduhumnews.wpengine.com

حویلی لکھا: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اورچیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے ازخود نوٹس کا سبب بننے والی تصویرپنجاب کے علاقے حجرہ شاہ مقیم کی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق چیف جسٹس نے بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ایک تصویر کا نوٹس لیا تھا، جس میں ایک جنازے کو کاندھوں پر اٹھائے چلنے والے گندگی سے گزر رہے تھے۔

چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں ریمارکس کے دوران کہا تھا کہ میڈیا سمیت متعلقہ ادارے تعاون کریں کہ یہ تصویر کس علاقے کی ہے۔

عدالت عظمی کے چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ علاقے کا واضح ہونے کے بعد منتخب نمائندوں کو بلا کر جواب طلب کریں گے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مذکورہ تصویر حجرہ شاہ مقیم کے علاقے زاہد پورہ کی ہے. یہاں کے مکینوں کی جانب سے متعدد بار گندگی کے خلاف احتجاج کیا جاتا رہا ہے.

مذکورہ علاقہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 187 کا حصہ ہے۔ جہاں سے ن لیگ کے رہنما اور صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن علی رضا گیلانی منتخب ہوئے ہیں۔

تصویر میں جس جنازے کا منظر دکھایا گیا تھا وہ محکمہ ذراعت کے ملازم محمد علی کی ہمشیرہ 60 سالہ حاجن زیب الہی کا ہے.

پانچ ماہ قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر آنے والی تصویر کے مقام پر اب فرش ڈالا جا چکا ہے تاہم نکاسی کا انتظام اب بھی بدحالی کا شکار ہے۔


متعلقہ خبریں