سپریم کورٹ کے حکم کے بعد حکومت مشکل میں پھنس گئی، سعید غنی

’پی ٹی آئی سندھ حکومت کے خلاف زیادہ اور کورونا کے پیچھے کم ہے‘

فوٹو: فائل


کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد حکومت مشکل میں پھنس گئی ہے جس کی وجہ سے  اب وہ اتحادیوں سے رابطے کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اتحادیوں کے پیچھے بھاگ رہی ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے حکومت کو آئینی ترمیم کا کہہ دیا ہے اور حکومت اس وقت مشکل میں پھنسی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کراچی میں اتحادیوں کو ہی اکٹھا کرنے آئے تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے 162 ارب روپے کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک 62 روپے بھی نہیں دیے۔ حکومت نے 162 ارب روپے جو رکھے تھے وہ مختلف کمیٹیاں بنانے کا بہانہ تھا۔

سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی نظام صوبہ سندھ میں وہ ہو گا جس کی منظوری صوبائی اسمبلی دے گی۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کے لیے متبادل گھروں کا انتظام کریں اور پھر تجاوزات کا عمل شروع کریں۔

دادو میں بچی کی ہلاکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دادو میں بچی کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا ہے اور قبر کشائی کر کے لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا تاہم قتل کیس میں 2 لوگوں کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں مشکل حالات سے باہر نکلنے کے اشارے مل رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ بچی کے والد اور مولوی کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس کوشش کر رہی ہے کہ واقعہ کی کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج مل جائے۔

کراچی سے اغوا ہونے والی لڑکی کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے گاڑی کو پہچاننے کی کوشش کر رہی ہے اور جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اس سے بھی تفتیش ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں