پاکستان کی برآمدات میں 9.6 فیصد اضافہ، درآمدات میں کمی

پاکستان: درآمد و برآمد کنندگان کے لیے خوشخبری

۔—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: نومبر 2019 کے دوران پاکستان کی برآمدات 9.6 فیصد اضافے کے ساتھ 2.02 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ اسی دورانیے میں درآمدات میں 17.53 فیصد کمی ہوئی اور یہ 3.8 ارب ڈالر رہیں۔

وزارت تجارت کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2018 میں 1.843 ارب ڈالر کی برآمدات جبکہ 4.626 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔

جولائی سے نومبر 2019 کے دوران ملکی برآمدات 9.55 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 9.113 ارب ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اس طرح اس دورانیے میں 43.7 کروڑ ڈالر یا 4.8 فیصد برآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ درآمدات میں 19.27 یعنی 4.546 ارب ڈالر کی کمی ہوئی۔

گزشتہ سال اسی عرصے میں 23.59 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔

اسی طرح اس دورانیے میں پاکستان کے تجارتی خسارے میں بھی 34.4 فیصد کمی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سرمایہ کاروں کا حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ گزشتہ ماہ نومبر 2019 میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14 اعشاریہ 9 فیصد کا اضافہ ہوا۔ جو مئی 2013 کے بعد کسی بھی مہینے میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 16 اگست 2019 سے انڈیکس میں 36 اعشایہ 6 فیصد یعنی 10 ہزار 500 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سرمایہ کاروں کا حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار ہے۔


متعلقہ خبریں