یوں لگ رہا ہے ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے در پے ہیں، فواد چوہدری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے اور یوں لگ رہا ہے کہ ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے درپے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تینوں اداروں کے سربراہان مل بیٹھیں کیونکہ  وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں کہ ادارے مضبوط ہوں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ قومی مکالمہ وقت کی ضرورت ہے اور اس مکالمے میں  آنے والے چیف جسٹس گلزار کو بھی شامل کیا جائے۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم آپس میں ڈائیلاگ کریں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔

آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر بات ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ آرمی چیف کسی ایک پارٹی کا نہیں وہ  فوج کا سربراہ ہے اور فوج پاکستان کی ہے۔

ایک سوال کےجواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ پی سی بی آسٹریلیا کیخلاف ناقص کارکردگی کا ذمہ دار ہے اس کو کچھ کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ بورڈ کے حوالے سے نعیم الحق کے موقف کی حمایت کرتے ہیں کیوں کہ  حکومت ان پر خرچے کرتی ہے لیکن کارکردگی مایوس کن ہے۔


متعلقہ خبریں