سیلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتے، لڑنا جانتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم سلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتے اور ایسے لوگوں سے لڑنا جانتے ہیں۔

کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم غلاموں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے خطاب کے دوران ’دا حکومت نہ منو‘ کے نعرے بھی لگوائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے جبکہ وزراء 17 روپے کلو ٹماٹر اور پانچ روپے مٹر بتاکر عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کی امید دلائی، کہا یورپ کے لوگ یہاں نوکریوں کیلئے آئیں گے، تاہم اب یہ باتیں دم توڑ چکی ہیں۔

جے یو آئی (ف) سربراہ نے کہا کہ ملک کے استحکام اور عوام کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: نئے انتخابات ہی واحد راستہ ہے، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ ملک میں حق حاکمیت عوام کی بجائے بیرونی قوتوں کے پاس ہے، اداروں کا احترام کرتے ہیں مگر عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اپنے آباؤ اجداد کی میراث کے امین ہیں، امریکہ و دیگر قوتوں کی بالادستی تسلیم نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے مجھے کہا کہ آپ کیوں امریکہ کی غلامی نہیں مانتے، میں نے ان سے کہا کہ آپ کے بزرگوں نے غلامی کی اور مجھے میرے بزرگوں نے غلامی کے خلاف لڑنے کا راستہ بتایا۔


متعلقہ خبریں