پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کی درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال میں آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے کل عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری درخواست ضمانت کے لیے اب بھی تیار نہیں تھے تاہم آصفہ بھٹو زرداری کی درخواست پر وہ عدالت میں درخواست ضمانت کے لیے راضی ہوئے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی 27 دسمبر کو لیاقت باغ میں منائی جائے گی اور لیاقت باغ سے ایک بار پھر صاف اور واضح پیغام پوری دنیا کے لیے سامنے آئے گا۔ پیپلز پارٹی طاقت کا سرچشمہ صرف عوام کو سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں۔ امید ہے ہمیں عدالتی فیصلے سے رہنمائی ملے گی۔ وزیر اعظم عمران خان حزب اختلاف کے رہنماؤں پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن پیپلز پارٹی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یہ بھی پڑھیں سیلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتے، لڑنا جانتے ہیں: مولانا فضل الرحمان

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے رویے سے لگتا ہے وہ قانون سازی کے لیے اتفاق رائے نہیں چاہتے اور انہوں نے پہلے بھی دوسرے معاملات میں اتفاق رائے پیدا نہیں کیا۔ وزیر اعظم ہر معاملے پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی کے لیے ہم نے تین نام بھیجے ہیں کو حزب اختلاف کے اتفاق رائے سے دیے گئے۔


متعلقہ خبریں