آرمی  ایکٹ میں ترمیم، مسودے کی تیاری کیلئے پس پردہ رابطوں کا آغاز


اسلام آباد: حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کے لیے پس پردہ رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں وزارت دفاع اور قانون نے ترمیمی مسودہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

ترمیمی بل قومی اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی مسودہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں بھی پیش ہوگا اور مسودے کی تیاری میں سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

مسودے میں آرمی، ایئر، نیول چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی مدت ملازمت میں توسیع، تقرر، مراعات، تنخواہ کے معاملات بھی شامل ہوں گے۔

حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بل کی منظوری میں مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق بل کی منظوری کے لیے ایوان میں موجود اراکین کی سادہ اکثریت درکار ہوگی جب کہ ہم نیوز کو حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹ سے بل کی منظوری کے لیے چھوٹی جماعتوں کی حمایت حاصل کی جائے گی۔

بل کی منظوری کے لیے پس پردہ رابطے شروع کر دیے گئے ہیں اور حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ  مسلم لیگ ن کی طرف سے بل کی حمایت حاصل ہوجائے گی۔


متعلقہ خبریں