کراچی کے بیشتر منصوبوں کا افتتاح فروری میں عمران خان کریں گے، گورنر سندھ


کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری بیشتر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح فروری میں وزیر اعظم عمران خان کریں گے اور کے فور منصوبے پر بھی جلد دوبارہ کام شروع ہو جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے بات کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارے سندھ حکومت سے معاملات خراب نہیں ہیں لیکن کوئی نہ کوئی افواہ اڑا دی جاتی ہے جو کشیدگی کی وجہ بنتی ہے۔ سندھ حکومت اور وفاق میں اعتماد کا فقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہمیں بھی منع کرتے ہیں کہ ائرپورٹ نہ آیا کریں اس لیے ہم بھی ائرپورٹ نہیں جاتے۔ اس کو وزیر اعلیٰ سندھ کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں نہیں بلایا گیا جبکہ ایسا نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف مختلف مقاصد کے ساتھ ہیں جن کا ساتھ چلنا مشکل ہے تاہم حکومت چلانے کے لیے ساتھ مل کر چلنا ضروری ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ حکومت کا ہم اعتماد حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ سندھ چھوٹی چھوٹی چیزوں پر منفی اثرات لے لیتے ہیں۔ سندھ میں ہونے والی پولیس اصلاحات کو میں درست نہیں سمجھتا اور کسی ایک ادارے یا ایک شخص کو تمام اختیارات دینے سے کرپشن کا راستہ کھلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو مشیر لگانا ہوتا ہے وہ لگا لیتے ہیں میں صرف ان کو تجاویز دیتا ہوں میری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ گورنر کے بہت سارے اختیارات سلب کر لیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود گورنر کا عہدہ ختم نہیں کیا جا سکتا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ملک میں اگر کرپشن کے نظام کو برداشت کرتے رہیں گے تو صدارتی یا پارلیمانی کوئی بھی نظام نہیں چل سکے گا۔ سندھ حکومت جب چاہے اسمبلی اجلاس بلا سکتی ہے میری جانب سے اجلاس بلانے یا نہ بلانے کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان کی شخصیت بڑی جادوئی ہے ان سے جو ملتا ہے وہ انہی کا ہو جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کو اپنے احتساب کے عمل کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اگر وہ یہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی بجٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا اور تمام جاری منصوبوں کو جاری رکھا گیا جس کے فنڈز بھی دیے گئے۔ منگھوپیر انڈسٹریل ایریا کی سڑکیں بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم بنا رہے ہیں، ہمیں 8 ارب روپے کراچی کے لیے مل گئے ہیں اور فروری میں گرین لائن کے علاوہ  دیگر منصوبوں کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی سرکلر ٹرین کا معاملہ بہت گھمبیر ہے وہ کبھی سندھ کے پاس چلا جاتا ہے اور کبھی وفاق کے پاس تاہم یہ منصوبہ مکمل ہونا ہے کیونکہ یہ کراچی کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔ ایسا کوئی ایک منصوبہ بھی نہیں ہے جس میں سندھ حکومت کو اعتماد میں نہ لیا گیا ہو۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کو درست کرنے کے لیے پینے کا پانی انتہائی ضروری ہے اور کے فور منصوبہ جلد بن جائے گا کیونکہ اس کے اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں۔ ہم کبھی اپنی سمت سے نہیں ہٹے اور پاکستان درست سمت کی طرف جا رہا ہے۔ پاکستان کی معیشت اوپر کی طرف جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل سے خوفزدہ ہو کر لوگوں نے اپنی بلیک منی کو نکالنا شروع کر دیا ہے۔ ہم آج بھی اپنے ٹریک پر ہیں اور گورنر ہاؤس سندھ کو فیملی کے لیے کھولا گیا ہے لوگ وہاں بغیر کسی خوف کے آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کی درخواست ضمانت دائر کرنے کا فیصلہ

عمران اسماعیل نے کہا کہ نواز شریف کا ملک سے باہر جانا کسی صورت درست نہیں ہے۔ اس سے احتساب کا عمل متاثر ہو گا۔ نواز شریف کو ملک واپس آکر اپنا حساب دینا ہو گا۔ آصف علی زرداری بھی اگر طبی بنیادوں پر بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو وہ عدالت سے رجوع کریں عدالت فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پنجاب میں تین دور حکومت رہے اور ابتدائی دو ادوار میں انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔ عثمان بزدار کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے تاہم لوگ آہستہ آہستہ انہیں پہچان جائیں گے، وہ مختلف اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں