شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کیخلاف ریفرنس اعتراض کیساتھ واپس

ایل این جی کیس: شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کیخلاف ریفرنس دائر

فائل فوٹو


اسلام آباد: احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 9 افراد کیخلاف نیب کی جانب سے دائر کیا گیا ریفرنس اعتراض لگا کر واپس کر دیا ہے۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا ہے کہ ریفرنس کی دستاویزات ترتیب سے نہیں لگائی گئیں اور دستاویزات پر نمبرنگ بھی درست نہیں۔

نیب کو ہدایت کی گئی ہے کہ دستاویزات مکمل ترتیب اور نمبرنگ کے اعتراضات دور کر کے دوبارہ جمع کرایا جائے۔

خیال رہے کہ نیب نے آج ہی شاہد حاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پر ریفرنس دائر کیا تھا جس میں اختیارات کے غلط استعمال اور ایک کمپنی کو 21ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا گیا۔

نیب کے مطابق مذکورہ فائدہ مارچ 2015سے ستمبر 2019تک پہنچایا گیا جس سے 2029تک قومی خزانے کو 47ارب روپے کا نقصان ہو گا۔

احتساب عدالت میں دائر ریفرنس کے مطابق معاہدے کے باعث عوام پر گیس بل کی مد میں 15سال کے دوران 68ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔

نیب نے ریفرنس میں بتایا کہ سابق ایم ڈی شیخ عمران الحق نے بھی معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب باخبر ذرائع نے ہم نیوز کو اطلاع دی ہے کہ سابق سیکرٹری اور ایم ڈی پیٹرولیم مذکورہ کیس میں اہم گواہ بن گئے۔ یہ اطلاع بھی ہے کہ نیب راولپنڈی نے قطر معاہدے کی الگ سے انکوائری شروع کر رکھی ہے۔

ایل این جی کیس

ن لیگ کے سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

سابق وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

قبل ازیں نیب کراچی نے 19 دسمبر 2016 کوعلاقائی بورڈ کے اجلاس میں یہ کیس میرٹ پر بند کردیا تھا تاہم اس بار نیب راولپنڈی نے  دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

28 ستمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے ایک شہری کی درخواست پر ایل این جی معاہدے کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا تھا کہ بتایا جائے قطر سے معاہدہ کرتے وقت شفافیت کو مدنظر رکھا گیا کہ نہیں۔

سپریم کورٹ میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ مہنگے داموں ایل این جی درآمد کا معاہدہ کیا گیا جس سے ملک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔


متعلقہ خبریں