میسی نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ ’بیلن ڈی اور‘ اپنے نام کر لیا


لندن: ارجنٹینا اور اسپین کے کلب بارسیلونا سے تعلق رکھنے والے معروف فٹ بالر لیونل میسی نے ریکارڈ چھٹی مرتبہ دنیا کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز ’ بیلن ڈی اور‘ اپنے نام کرلیا ہے۔

32 سالہ میسی نے پرتگال کے مایہ ناز فٹ بالر کریسٹیانو رونالڈو اور لیورپول کے ویرجل وین جیک کو مات دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

دس سال قبل 2009  میں میسی نے اپنے کریئر کا پہلا بیلن ڈی اور جیتا تھا اور آج ایک دہائی بعد بارسیلونا کے سپراسٹار نے چھٹا ایوارڈ جیت کر خود کو دنیا کا بہترین فٹ بالر ثابت کر دیا۔

اس ضمن میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے میسی کا کہنا تھا کہ دس سال قبل اپنے تین بھائیوں کی مدد سے میں نے اپنا ایوارڈ جیتا تھا اور آج چھٹا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے جس میں میری بیوی اور بچوں کا کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بیوی ہمیشہ کہتی ہے کہ خواب دیکھتے رہو، اور کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اپنی کارکردگی میں بہتری لاتے رہو۔

میسی نے کہا کہ میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ ایک دن میں نے ریٹائر ہو جانا ہے تاہم ابھی میرے پاس فٹ بال کھیلنے کے لئے کچھ سال باقی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں