دعا منگی کے اغوا میں استعمال ہونے والی مبینہ گاڑی برآمد


کراچی: پولیس نے دعا منگی اغواء کیس میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی شاہراہ فیصل کے قریب سے برآمد کرلی ہے۔

کراچی سینئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ تنویر عالم اوڈھو اور دعا منگی کیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم جائے واقعہ پر پہنچ گئے۔

ایس ایس پی تنویر عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ گاڑی لاوارث حالت میں ملی ہے اس کا فرانزک کرایا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والی گاڑی دعا منگی کے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی سے بہت مماثلت رکھتی ہے تاہم اس کی دونوں نمبر پلیٹس اتری ہوئی ہیں۔

ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں تاہم گاڑی سے فنگر پرنٹس حاصل کر لیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ڈیفنس کے علاقے بڑا بخاری میں واقع اوپن ایئر ریسٹورنٹ سے اغوا ہونے والی طالبہ دعا نثار منگی کیس میں پولیس نے گزشتہ روز 22 افراد کے بیانات قلم بند کیے تھے۔

دعا منگی کو رات گئے چار مسلح افراد نے بڑا بخاری میں واقع ’’ماسٹر چائے‘‘ کے باہر سے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا تھا۔

مسلح افراد نے دعا کے ساتھ موجود لڑکے حارث فتح کو گولی ماری تھی جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں