اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب


اسلام آباد: حزب اختلاف کی جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا جس کے دوران چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تعیناتی اور آرمی ایکٹ میں ترمیم جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق رہبر کمیٹی کا اجلاس رات 9 بجے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی کی رہائش گاہ پر ہو گا جو اس کی صدارت بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن متفقہ لائحہ عمل طے کرے گی۔

اجلاس کے دوران آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کے لیے پس پردہ رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وزارت دفاع اور قانون نے ترمیمی مسودہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

ترمیمی بل قومی اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی مسودہ منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں بھی پیش ہوگا اور مسودے کی تیاری میں سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

مسودے میں آرمی، ایئر، نیول چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی مدت ملازمت میں توسیع، تقرر، مراعات، تنخواہ کے معاملات بھی شامل ہوں گے۔

حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بل کی منظوری میں مشکلات پیش نہیں آئیں گی۔


متعلقہ خبریں