حکومت کا کاروباری طبقے کو گیس اور بجلی میں سبسڈی دینے کا اعلان


اسلام آباد: حکومت نے کاروباری طبقے کے لیے گیس اور بجلی میں سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وفاقی وزیر حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 5 ماہ کے دوران معیشت میں بہتری آئی۔ آئی ایم ایف نے بھی معاشی کارکردگی کا اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے بھی اب پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج 40 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ہے جبکہ موڈیز نے بھی پاکستان کی ریٹنگ منفی سے مثبت کر دی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا کو معلوم ہو گیا کہ پاکستان میں کیا اصلاحات کی گئی ہیں۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں تقریباً 236 فیصد اضافہ ہوا اور ٹیکس ریونیو میں گزشتہ سال کی نسبت 16 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ملک کی برآمدات بڑھ رہی ہیں اور گزشتہ ماہ برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومتی اخراجات پر بھی زبردست کنٹرول رکھا جا رہا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو تعمیرات کے لیے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے قرضوں کی شرح سود میں بھی کمی کریں گے۔ گزشتہ 4 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستان کی اکنامک پرفارمنس کو سراہا ہے اور اے ڈی بی نے پاکستان کی پرفارنس میں بہتری دیکھ کر پروگرام میں 3 ارب ڈالرکا اضافہ کیا۔کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ نہ صرف کم کیا بلکہ سرپلس کیا جبکہ تاریخ میں پہلی بار پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں ایک ارب ڈالر کے قریب سرمایہ کاری ہوئی۔ اب غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان آنے میں خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی سپلیمنٹری گرانٹ نہیں دی جا رہی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر بھی نا صرف مستحکم رہے بلکہ اس میں اضافہ ہوا۔ نان ٹیکس ریونیو میں 5 ماہ میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا اور آئی ایم ایف نے بھی معاشی اہداف پورے ہونے پر 50 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں اسٹاک مارکیٹ میں 335 پوائنٹس کی کمی

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اس ملک میں نوکریاں ملیں اور روز گار کے مواقع پیدا ہوں۔ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 15 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی نسبت 50 فیصد اضافہ ہے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ٹیکس وصولیوں میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے دوست ممالک نے ساتھ دیا اور ہم نے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اب اگلا مرحلہ اقتصادی ترقی میں تیزی کا ہے۔ جاری اورتجارتی کھاتوں میں کمی معاشی استحکام کی عکاس ہے۔

انہوں ںے کہا کہ آئندہ سال مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی۔ ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملکی درآمدات میں ساڑھے 5 ارب ڈالرکمی آئی ہے۔


متعلقہ خبریں