نیب کا شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان

ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس، پلی بارگین کی درخواست منظور

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے ہونے والے اجلاس میں 6 کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹبلٹی نیب، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آپریشنز نیب اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں شہباز شریف کے خلاف کرپشن کیس کی انکوائری کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

شہباز شریف کے علاوہ سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے، ساتھ ہی پیپلز پارٹی کی رہنما فرزانہ راجا کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

نیب اعلامیہ میں صاف پانی پروگرام کے غیر قانونی ٹھیکے کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جس میں سکندر جاوید سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق خلاف قانون اشتہارات کا ٹھیکہ دینے پر فرزانہ راجا کے خلاف ریفرنس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری اعلامیہ میں تحریر کیا گیا ہے کہ سینیٹر انوارالحق کے خلاف بھی کرپشن کیس کی انکوائری کی جائے گی۔

سابق ڈائریکٹر انسداد بدعنوانی شیخ فرید کے خلاف بھی کرپشن انکوائری کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دبئی میں مقیم پاکستانیوں کے 1 کھرب روپے کی منتقلی کی انکوائری فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں