مسئلہ ہے تو اپوزیشن وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے، ندیم افضل چن

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن عمران خان کو عہدے سے ہٹانا چاہتی ہے تو باہر کھڑے ہو کر صرف باتیں نہ کرے بلکہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لے آئے۔ 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ندیم افضل چن کا کہنا تھا اپوزیشن جمہوریت کی چیمپئن بننے کی کوشش کر رہی ہے لیکن یہ  کس کو باتیں سنا رہے ہیں، حزب اختلاف کو چاہیے قومی اسمبلی میں آئے۔

وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ اگر عمران خان کسی کو پسند نہیں تو تحریک عدم اعتماد لے آئیں جس کی اکثریت ہوگی اس کا وزیراعظم ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب پروگرام میں شریک نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر چیز کو خراب کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف مذاکرات کی جتنی بھی باتیں کر لے لیکن جب تک وزیراعظم تبدیل نہیں ہوگا اس وقت تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے وزیراعظم کے عہدے پر کوئی سیاسی شخصیت ہونی چاہیے کیوں کہ عمران خان ملکی مسائل حل کرنے کی قابلیت نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ وزیراعظم مستعفی ہوں۔


متعلقہ خبریں