پشاور: بارودی مواد لاہور لے جانے والی افغان خاتون گرفتار


پشاور: صوبائی دارلحکومت پشاور میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بس اسٹینڈ سے افغان خاتون کو بارودی مواد سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ افغان مہاجرخاتون خام بارودی مواد لاہور لے جا رہی تھی۔

اس ضمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی سٹی پشاورشعیب خان کا کہنا تھا کہ گرفتار خاتون کی نشاندھی پر مزید کارروائی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ٹاؤن کے علاقے سے چار سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق افغانستان سے ہے، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس پی پشاور نے بتایا کہ خفیہ معلومات پر اہم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، گرفتار خاتون نے پشاور میں ناکامی پر بارودی مواد لاہور منتقل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ خاتون اور اس کے ساتھیوں کو سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے، بارودی مواد کو پریما کارڈ اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے استعمال کیا جانا تھا۔


متعلقہ خبریں