شاہد خاقان کی اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے درخواست پر فیصلہ محفوظ

بھارتی خاتون کا پاکستانی شہریت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

فائل فوٹو


لاہور: قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ ملنے کے خلاف سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی اورجسٹس انوارالحق پنوں پر مشتمل احتساب اپیلٹ بنچ نے شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر سماعت کی جو رانا مشہود احمد خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار کے وکیل نے اسپیکر قومی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہم پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے خلاف عدالت آئے ہیں۔

وفاقی وکیل سرفراز خان نے مؤقف اپنایا کہ قومی اسمبلی کا سیشن ختم ہو چکا، ایسے میں درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

رانا مشہود احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینا ان کے انتخابی حلقہ کے افراد کی حق تلفی ہے۔ سابق وزیر اعظم کو اجلاس میں شرکت نہ دینے سے ان کا انتخابی حلقہ نمائندگی سے محروم ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


متعلقہ خبریں