جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: وزارت قانون نے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس تقرری کا نوٹی فیکشن جاری کر دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اے اور 177 کے تحت نئے چیف جسٹس کی تقرری کی منظوری دی۔

جسٹس گلزار احمد پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔ نو منتخب چیف جسٹس 21 دسمبر 2019 کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی مدت ملازمت 20 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے رواں سال 18 جنوری کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا۔

جسٹس گلزار احمد دو سال ایک ماہ بارہ دن چیف جسٹس آف پاکستان رہنے کے بعد یکم فروری 2022 کو عہدے سے ریٹائرڈ ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال مقرر ہے اور چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے بعد سینئر ترین جج کو چیف جسٹس کا عہدہ تفویض کیا جاتا ہے۔

جسٹس گلزار کون

جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1986 میں ہائی کورٹ اور 1988 میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔

انہوں نے 2 اگست 2002 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا اور 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔ جسٹس گلزار احمد فروری 2022 تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔

جسٹس گلزار احمد نے بطورسپریم کورٹ جج سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پانامہ کیس سمیت دیگر اہم مقدمات میں بینچ کا حصہ بھی رہے۔


متعلقہ خبریں