خیبر پختونخوا حکومت کے خواتین اور بزرگوں کیلئے مثالی اقدامات


پشاور: خیبر پختونخوا ( کے پی) حکومت نے بزرگ افراد کو روزمرہ کے امور میں سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی کارڈ تیار کر لیے ہیں ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت میں اسٹریٹ گرلز کے لیے الگ فلاحی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

سیکرٹری سوشل ویلفئیر کے پی محمد ادریس کا کہنا ہے کہ بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی کارڈ تیار کر لیے گئے ہیں جس کی بدولت مفت علاج، مفت انٹری اور دیگر سہولیات دستیاب ہوں گی۔

محمد ادریس نے ہم نیوز کو بتایا کہ اس کارڈ کی وجہ سے بزرگ افراد بی آر ٹی بسوں پر آدھی ٹکٹ پر سفر کر سکیں گے۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ 527 خواجہ سراؤں کو بھی رجسٹرڈ کرکے صحت سہولت کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں، خواتین پر کیے جانے والے گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔

سیکرٹری سوشل ویلفئیر کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ایمبولینس یا گاڑی متاثرہ خاتون کے پاس جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور کے علاوہ چار دیگر اضلاع میں بھی زمونگ کور کے مراکز قائم ہو رہے ہیں۔

خواتین کی فلاح کے لیے پشاور میں اسٹریٹ گرلز کے لیے الگ فلاحی ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

سیکرٹری سوشل ویلفئیر کے پی محمد ادریس نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ادارے کے لیے پی سی ون کی منظوری بھی دے دی ہے۔

ادارے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں یتیم اور محنت مزدوری کرنے والی بچیوں کی کفالت کی جائے گی، اس کے علاوہ تعلیم کے ساتھ بچیوں کو مختلف ہنر بھی سکھائے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں