چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، اپوزیشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر متحدہ حزب اختلاف نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست پر اپوزیشن کے 11 ارکان کے دستخط موجود ہیں جس میں الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہ ہونے کے بعد آرٹیکل 213 خاموش ہے اور اس وجہ سے آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔

عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ پانچ دسمبر کے بعد پیدا ہونے والے ممکنہ آئینی بحران کو حل کرنے کیلئے مناسب فیصلہ کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں کورٹ فیس کا چالان اور سرٹیفکیٹ موجود نہیں ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کی تشکیل کے معاملے میں سپریم کورٹ کو رجوع کرنا صریحاً بد قسمتی ہوگی۔

اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ اگر سیاست دان اتنے ناپختہ ہیں کہ الیکشن کمیشن کیلئے ایک شخص پر اتفاق نہیں کر سکتے تو وہ ملک کے بڑے مسائل پر کیا اتفاق رائے پیدا کریں گے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ فریقین اپنی پوزیشن میں نرمی لائیں اور فیصلہ کریں۔


متعلقہ خبریں