مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نواز شریف کی عیادت کیلئے لندن جائیں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی عیادت کے لیے لندن جانے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے 6 رکنی وفد کو لندن بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف، امیدوار برائے چیئرمین سینیٹ رانا تنویر، پرویز رشید اور احسن اقبال نے لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی جلد لندن جائیں گی۔

لیگی رہنماؤں کا وفد جمعرات کو اسلام آباد سے 11 بجے لندن روانہ ہو گا جہاں وہ شہباز شریف اور نواز شریف سے مشاورت کے بعد پیر کو واپس پہنچے گا۔ لیگی وفد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نہ صرف عیادت کریں گے بلکہ نواز شریف اور شہباز شریف کو ملکی حالات سے بھی آگاہ کریں گے۔ پارٹی وفد صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سے آرمی ایکٹ اور قانون سازی سے متعلق مشاورت کرے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف ان دنوں ضمانت پر رہا ہیں اور عدالت کی اجازت سے بیرون ملک علاج کے لیے موجود ہیں۔

گزشتہ روز نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی دائیں طرف ایک سے زیادہ گلٹیاں ہیں جن ان کی وجوہات جاننے کے لیے مزید ٹیسٹوں کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں ن لیگ کا قومی اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ

ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دماغ کو خون پہنچانے والی شریان کا بھی مسئلہ ہے، سرجری ہوگی یا اسٹنٹ ڈلیں گے یہ طبی ماہرین سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ ہو گا۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد کو برقرار رکھنے کا عمل نارمل نہیں، پلیٹ لیٹس کو ادویات کے ذریعے ایک خاص حد میں رکھا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں