حکومت کی ناکام پالیسیوں سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے، شہباز شریف


لندن: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں سے ملک میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے۔ ملک میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملتان میٹرو، صاف پانی اور لیپ ٹاپ کیس میں کرپشن کے الزامات لگائے تاہم ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ ہم نے اورنج لائن منصوبے میں 70 ارب روپے بچائے ہیں لیکن پونے دو سال ہوگئے موجودہ حکومت کی وجہ سے اورنج لائن بھی کھٹائی میں پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 5 ہزار میگاواٹ کے منصوبوں کو اپنے وسائل سے شروع کیا تھا۔ عمران خان نے ڈیڑھ سال میں 15 لاکھ گھر بنانے تھے لیکن ایک اینٹ بھی نہیں لگی۔ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے میں اب بھی توڑ پھوڑ چل رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان احسان فراموش اور غصے سے بھرا ہوا انسان ہے انہوں نے حزب اختلاف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنوائے۔ وزیر اعظم یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں اتنا بڑا جھوٹا وزیر اعظم نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں میرے تمام اثاثے ظاہر ہیں اور عدالت نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کی اور مجھے میریٹ پر ضمانت دی۔ اس کے باوجود میرے اثاثے منجمند کر دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نواز شریف کی عیادت کیلئے لندن جائیں گے

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہمیں منصوبوں میں 160 ارب روپے کی نیٹ بچت ہوئی تھی۔ ہم نے ملک کی خدمت کی لیکن اس کے باجود ہم نے جیلیں کاٹیں عقوبت خانے برداشت کیے، عوام سوچتی ہے کیا اس ملک کی خدمت کا یہ صلہ ہے۔ جتنی جلدی ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے اتنا زیادہ ملک کے لیے بہتر ہے۔

 


متعلقہ خبریں