حکومت نے پہلے سال 10 ارب ڈالر سے زائد کا قرضہ لیا، حماد اظہر

DOLLAR VS RUPEE

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے اپنے دور اقتدار میں لیے گئے قرضوں کی تفصیلات پیش کر دیں۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران انکشاف کیا کہ حکومت نے پہلے سال کے دوران 10 ارب ڈالر سے زائد کا غیر ملکی قرضہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے سال میں مجموعی سرکاری قرضے میں 9 اعشاریہ 3 کھرب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے 3 اعشاریہ 7 کھرب روپے کے قرضے لیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ دو اعشاریہ 6 کھرب روپے کا قرضہ لینا پڑا، زیادہ نقد بیلنس کی وجہ سے تین کھرب روپے کے قرضے کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک کی ایک رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ حکومتی قرضے تاریخ میں پہلی بر 33 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر 2019 کے اختتام تک ملکی قرضے 33 ہزار 247 ارب روپے کی سطح پر آ گئے جو کہ گزشتہ سال اسی ماہ 25 ہزار ارب روپے کی سطح پر تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران ملکی قرضوں میں آٹھ ہزار ارب روپے سے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے سے اب تک ملکی قرضوں نو ہزار ارب روپے تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اقتدار میں آنے سے قبل اور بعد میں مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومتوں کو کئی مرتبہ قرضے لینے پر تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں