کراچی سیف سٹی کا منصوبہ التوا کا شکار ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا اعتراف


گھوٹکی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تسلیم کیا ہے کہ کراچی سیف سٹی کا منصوبہ التوا کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کام کررہے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کردیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے طلبہ یونیز پر پابندی ختم کرنے اعلان کردیا

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ عادل پور میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے ۔ وہ گھوٹکی کے علاقے عادل پور میں واقع جام ہاؤس میں پی پی پی رہنما جام سیف اللہ دھایجو اور صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو سے ان کی والدہ کے انتقال پہ تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔

سید مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں استفسار کیا کہ کہاں مہنگائی ہے؟ انہوں نے کہا کہ 17 روپے کلو ٹماٹر اور 15 روپے کلو مٹر مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعا منگی کی بازیابی کے لیے پولیس کام کررہی ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ کسی بھی طرح کا کوئی نقصان نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا منگی کی بازیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اغوا کاروں کی گولی سے ایک بچہ بھی زخمی ہوا تھا جو تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کرا لیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ساتھ موجود وزیر ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کے جائز مسائل فوری طور پر حل کریں۔

ہم نیوز کے مطابق سید مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ ٹڈی دل کا خاتمہ بنیادی طور پر وفاقی ادارے پلانٹ پروٹیکشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے پاس اسپرے کرنے والے تین جہاز موجود ہیں جن میں سے دو خراب ہیں۔

وزیر اعظم سندھ کے معاملے پر ہماری بات نہیں سنتے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متعلقہ وفاقی وزیر نے جب اس سلسلے میں مجھ سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس پیسٹی سائیڈ اور تیل کی رقم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر میں نے وفاقی حکومت کو پپیشکش کی ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ایک کروڑ روپے دینے کو تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں