امریکی فوجی اڈے پرل ہاربر پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

امریکی بحری فوجی اڈے پرل ہاربر پر فائرنگ سے 2 افراد ہلاک

فائل فوٹو


ہوائی: امریکہ کی تاریخی بندر گاہ  پرل ہاربر میں ایک امریکی نیوی افیسر کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ بھارتی چیف آف ائیر اسٹاف راکیش کمار سنگھ بھی پرل ہاربر میں موجود تھے۔

فائرنگ کے بعد نیول بیس کو محاصرے میں لے لیا گیا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کرنے والا امریکی نیوی میں سیلر تھا اوراس نے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی ہے۔

فائرنگ کی وجوہات فی الحال سامنے نہیں آ سکیں تاہم نیول اتھارٹی واقعہ کی تحقیات کر رہی ہے۔ پرل ہاربر بحری اڈے کو امریکی ائر فورس اور بحری افواج بھی مشترکہ طور پر استعمال کرتی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق بھارتی چیف آف ائیر سٹاف راکیش کمار سنگھ بھی پرل ہاربر میں موجود تھے تاہم وہ حملے کے دوران محفوظ رہے۔ بھارتی فضائیہ کے مطابق ائیر چیف امریکی ائیر فورس میں موجود تھے جو نیول بیس سے دور ہے۔

واقعے کے بعد پرل ہاربر پر عسکری سرگرمیاں کچھ دیر کیلئے روک دی گئی ہیں اور جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول سمیت دیگر ثبوت و شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور فوجیوں کو جائے حادثہ کی طرف جانے سے روک دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پرل ہاربر وہ مشہور فوجی اڈہ ہے جس پر 7 دسمبر 1941 کو جاپانی فضائیہ نے اچانک حملہ کیا تھا جس سے 8 امریکی بحری جہاز اور 188 طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے اور 9 بحری جہازوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ 2403 امریکی فوجی اور 68 شہری ہلاک ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں