کراچی: پارک سے ملنے والی انسانی ہڈیوں کے متعلق ابتدائی تفتیش مکمل


کراچی: پولیس نے کراچی کے علاقے ناظم آباد انو بھائی پارک کے قریب سے تعمیراتی کام کے دوران ہڈیاں ملنے سے متعلق ابتدائی تفتیش مکمل کرلی ہے۔

اس ضمن میں ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ پارک میں کھدائی کے دوران 5 ہڈیاں نکلیں تھیں جو انسانی ہاتھ اور پیر کی تھیں، ہڈیاں ٹکڑوں میں ملیں تھیں، جنہیں جانچ کیلئے ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کو بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ  تفصیلی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہڈیوں کے بارے میں مزید پتہ چل سکے گا۔

یاد رہے گزشتہ دن ناظم آباد میں واقع معروف انو بھائی پارک سے  ترقیاتی کام کے دوران  بڑی تعداد میں انسانی ہڈیاں برآمد ہوئی تھیں۔

اس ضمن میں ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم نے بتایا ہے کہ انو بھائی پارک سے ملنے والی ہڈیاں انسانی اعضا کی ہیں جوپارک کے قریب میں واقع اسپتال کی انتظامیہ نے دفن کی ہیں۔

پولیس کے مطابق تعمیراتی ٹھیکیدار نے ہڈیاں برآمد ہونے پر پولیس کو اطلاع دی جس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام ہڈیاں قبضے میں لے لیں۔

انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے دوران نکالی جانے والی ہڈیاں دفن کی گئیں تھیں جو ترقیاتی کام کے دوران کھدائی میں برآمد ہوئیں ہیں انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نجی کلینک کے ایڈمنسٹریٹر نصرت فہیم  نے پولیس کے بیان کو رد کرتے ہوئے ہم نیوزکو بتایا ہے کہ یہ معاملہ طبی فضلے کو ٹھکانے لگانے کا ہے ، ہمارے اسپتال میں کاٹے گئے اعضاء عموما لواحقین کے حوالے کر دیئے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کلینک میں کاٹے گئے اعضاء کو ٹھکانے لگانے کا طریقہ کار موجود ہے، دفنائی گئی باقیات سے اسپتال کا تعلق جوڑنا مناسب نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں