بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اجتماعی رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، ڈی جی نیب راولپنڈی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی عرفان نعیم منگی کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اجتماعی رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب بد عنوانی کی روک تھام کےلئے آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی سہ جہتی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس کے لیے ملکی اور غیر ملکی ادارو ں سے مل کر کام کر رہے ہیں۔

عرفان نعیم منگی نے کہا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف ہر سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بار بااثر شخصیات کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے، نیب نے بدعنوانی کے مبینہ الزامات پر سابق صدر اور سابق وزیراعظم کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔

سیمینار سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ بعض افراد خواہ مخواہ نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، بہت سے مقدمات سپریم کورٹ نے نیب کو بھجوائے ہیں اور نیب افسران اپنے فرائض قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

ڈی جی نیب راولپنڈی نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف ان کے سماجی رتبہ کو بالائے طاق رکھ کر کارروائی کر رہے ہیں، ہمارا کسی گروپ یا فردسے کوئی تعلق نہیں ہے ہم صرف قانون کے مطابق اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب ملک کو بد عنوانی سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

عرفان نعیم منگی کا سیمینار سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ماضی میں بدعنوان عناصر کا سماجی بائیکاٹ کیا جاتا تھا، اب کرپٹ عناصر کو ان کا مال و دولت دیکھ کر سر آنکھوں پر بٹھایا جاتا ہے ہمیں اس حوالہ سے اجتماعی رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نوجوانوں کو بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار کے طور پر اولیت دیتا ہے، نوجوان بدعنوانی سے متعلق آگاہی پید اکرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں