شدید سردی کی لہر، بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد:محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑے گی۔

ہم نیوز کو پنجاب کے علاقے  جلال پوربھٹیاں، پنڈی بھٹیاں، شرقپور شریف اور رائیونڈ میں دھند پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ شدید دھند پڑنے کے سبب بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

ٹریفک پولیس نے عوام کے خبردار کیا ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے ملتان روڈ پر سفر کرنے والوں کے لیے فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے نارووال، گوجرانوالہ ،سیالکوٹ، لاہور اور بہاولپورمیں صبح کے وقت دھند پڑنے کی پیش گوئی کی ہے۔ سندھ کے اکثر علاقوں میں موسم سرد رہے گا تاہم صوبے کے بالائی علاقوں میں دھند پڑسکتی ہے۔

جمعے کی صبح کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ لانڈھی، کورنگی، ملیر، ائرپورٹ، ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں