اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی


اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے، یہ رقم معاشی استحکام اور توانائی کے شعبے میں بہتری کیلئے استعمال کی جائے گی۔

اے ڈی بی ایک پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر ایمرجنسی بجٹ سپورٹ اور تیس کروڑ ڈالر توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے دے گا۔

پروگرام کے تحت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جائیں گی جن کا مقصد گردشی قرض کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنا، سبسڈی کے ناکافی نظام کو بہتر بنانا اور پیداواری لاگت کم کرنے پر توجہ دینا ہو گا۔

اس منصوبے کا مقصد بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں میں تیزی سے کمی لانا اور پہلے سے جمع شدہ قرض ختم کرنے کے لیے پالیسی تیار کرنا ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق پاکستان میں توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر کے سنگین مسئلے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

پاکستان نے حالیہ برسوں میں اپنی بجلی پیدا کرنے کی گنجائش کو بڑھانے اور سپلائی کو مستحکم کرنے کے لئے نمایاں کوششیں کی ہیں لیکن ابھی بھی اس شعبے میں عدم استحکام  اور اصلاح کی ضرورت ہے۔

توانائی کے شعبے میں موجود خامیوں کے سبب 2015 ملک کی معیشت کو 18 ارب ڈالر تک کا نقصان ہوا تھا۔

اے ڈی بی پاکستان کے شعبہ توانائی کی بہتری اور معاشی مشکلات کم کرنے کے لیے اپنے شراکت داروں سے ایک ارب ڈالر جمع کرے گا جس میں کوریا کا ایکسپورٹ ایمپورٹ بینک 8 کروڑ ڈالر دے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک 1996 میں قائم کیا گیا اور 68 ممالک اس کے ممبران ہیں۔ غربت سے پاک  خوشحال، جامع، لچکدار، اور پائیدار ایشیاء اے ڈی بی کا عزم ہے جس کے لیے 2018 میں 21.6 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں